کھرگون، 24ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)اگلے سال اترپردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے پولیس نے غیر قانونی ہتھیاروں کے سوداگروں کے خلاف آج ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے علی گڑھ کے دو نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔پولیس نے غیر قانونی ہتھیاروں کے اسمگلروں سے 30مقامی پستول برآمد کئے ہیں۔پولیس سپرنٹنڈنٹ امت سنگھ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ضلع میں بلواڑا کے پاس بس کی تلاشی کے دوران پولیس نے غیر قانونی ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے الزام میں اتر پردیش میں علی گڑھ کے رہنے والے دھرمیندر جاٹ(26)اور کپل جاٹ(23)کو گرفتار کیا ہے۔پولیس نے ملزمان کے قبضے سے تقریبا 15لاکھ روپے قیمت کی 30مقامی پستول ضبط کی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پوچھ گچھ میں ملزمان نے بتایا کہ وہ اسے پستول مبینہ طور پر غیر قانونی ہتھیاروں کو الہ آباد کے رنکو گپتا کے لئے لے جا رہے تھے۔سنگھ نے بتایا کہ مقامی پستول بیچنے والا ملزم نادان سنگھ سکلیگر پولیس کو دیکھ کر موٹر سائیکل چھوڑ کر بھاگ گیا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ گوگاؤں تھانے کے سگنور گاؤں سے غیر قانونی ہتھیاروں کی کھیپ اندؤر کے راستے اترپردیش کی طرف جا رہی ہے۔اس پر پورے ضلع میں منظم طریقے سے جال بچھایا گیا اور بلواڑا کے پاس بس کی تلاشی میں اتر پردیش کے ان مشتبہ نوجوانوں سے 30غیر قانونی مقامی پستول برآمد کئے گئے۔سنگھ نے بتایا کہ کھرگون پولیس اب یوپی اور مہاراشٹر پولیس سے مل کر غیر قانونی ہتھیاروں کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مشترکہ چھاپہ ڈالنے کی تیاری کر رہی ہے۔گزشتہ دو سالوں میں پولیس نے تقریبا 300غیر قانونی مقامی پستول پکڑی ہے۔